
ایکٹیوٹی اینڈ رول پلے
رول پلے یا کردار نبھانا ایک ایسی تدریسی حکمتِ عملی ہے جو کہ سماجی سائنس کے زیرِ اثر آتی ہے(جوائس اینڈویل، ۲۰۰۰)۔یہ حکمتِ عملی تعلم کے سماجی پہلو پر زور دیتی ہے اور باہمی تعاون کے رویے کو بچے کی معاشرتی اور ذہنی نشوو نما کے لیے ایک عمل انگیز گردانتی ہے۔
یہ حکمتِ عملی اساتذہ اور بچے دونوں کے لے بہت سودمند ثابت ہوتی ہے۔ کردار نبھانے کے عمل سے طلباء میں موضوع کے متعلق دلچسپی بڑھ جاتی ہے۔ تحقیق سے یہ بات ثابت ہے کہ کمرہء جماعت میں تجرباتی تعلمی سرگرمیوں سے بچوں میں کورس کے مواد کے متعلق دلچسپی بڑھ جاتی ہے اور انہیں کورس کے مواد کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ (پورمین، ۲۰۰۲، صفحہ ۳۲)۔ فوگ (۲۰۰۱)، ایک تاریخ کے پروفیسر کے متعلق بتاتا ہے، جسے محسوس ہوا کہ اس کی کلاس میں بچوں سے ان کی رائے نہیں لی جاتی۔ اس نے ایک سمسٹر کے دوران کردار نبھانے والی حکمتِ عملی کو ایک کھیل کے طور پر اپنایا اور مشاہدہ کیا کہ اس سے طلباء میں کورس کے مواد کے متعلق دلچسپی بڑھ گئی۔
طریقہء کار
۔کلاس کو کردار نبھانے والی حکمتِ عملی کے لیے تیار کریں
۔ طلباء کے سامنے ایک مصنوعی مسئلہ، صورت، حال یا واقعہ پیش کریں جس میں کچھ حد تک حقیقت بھی شامل ہو۔
۔طلباء کے سامنے مسئلہ، یا صورتِحال تفصیل سے بیان کریں اور کردار کے بارے میں بتائیں
۔بچوں کو واضع ہدایات جاری کریں
۔ استاد اس بات کا تعین کرے کہ کیا رول پلے کے لیے طلباء رضاکارانہ طور پر کلاس کے سامنے آئیں گے یا قریبی ساتھیوں، چھوٹے گروہوں کی شکل میں اس سرگرمی میں حصہ لیں گے تاکہ ہر طالبعلم کو ایک کردار ادا کرنے کو ملے یا کچھ طالبعلم کردار نبھائیں گے اور باقی ان کا مشاہدہ کریں گے۔ اگر ممکن ہو تو استاد طلباء کو چھوٹے گروہوں میں تقسیم کریں اور مختصر سرگرمی اپنائیں۔ سرگرمی کے آغاز سے قبل کسی ماہر سے کردار ادا کروا لیں تاکہ طلباء کو آسانی رہے۔ مختصر وقت کی سرگرمیوں کا انتخاب کریں اور کوشش کریں کہ ہر طالبعلم ایک سے زائد مہارتوں کو ادا کرے۔
کردار کا ادا کرنا
کردار ادا کرنے کے لیے طلباء استاد کی دی گئی ہدایات کے مطابق عمل کریں گے۔ اگر استاد خود کوئی کردار ادا نہیں کر رہا تو یہ بہتر ہوگا کہ وہ کمرہء جماعت میں ادھر اُدھر گھوم کر طلباء کی کارکردگی کا جائزہ لے اور ایسے طلباء کو رہنمائی فراہم کرے جو کردار ادا کرتے ہوئے اٹک رہے ہوں۔