
نوٹ لینے کی مہارت
جب آپ پڑھنے کے لیے بیٹھتے ہیں تو کلاس میں لیے گئے نوٹس بہت کارآمد ثابت ہوتے ہیں ۔ نوٹس لینا ایک ایسی مہارت ہے جو طلباء کو سکول ورک، ٹیسٹ، امتحان اور اسائنمنٹ میں بہت مدد دیتی ہے۔
عام طور پر اساتذہ کلاس شروع ہونے سے قبل ہینڈ آؤٹ دیتے ہیں، اور بعض اوقات وہ بورڈ پر لکھتے ہیں جسے طلباء کاپی کر سکتے ہیں۔ مختلف اساتذہ مختلف طور پر کام کرتے ہیں، کچھ ہو سکتا ہے کسی قسم کے ہینڈ آؤٹ نہ دیں اور زبانی لیکچر پر اکتفا کریں۔ ایسے اساتذہ کے لیے آپ کے پاس اچھی سمعی مہارت اور نوٹ لینے کا علم موجود ہونا چاہیے۔موئثر نوٹ لینے کا علم آپ کے مطالعہ اورکام کی عادات میں بہتری لاسکتا ہے۔تمام تر اہم معلومات کونوٹ کرنایاد رکھیں۔
بعض اوقات طلباء اس بات سے دھوکا کھا جاتے ہیں کہ انہوں نے کلاس میں وہ سب سنا ہے جو استاد نے کہا اورانہیں اس وقت ہر چیز کی سمجھ آرہی تھی اس لیے بعد میں بھی ان کو وہ چیزیں یاد آ جائیں گی۔ یہ سب سے بڑی غلطی ہے جو وہ کرتے ہیں۔ کیونکہ اصلتاً وہ یہ تمام چیزیں بھول جاتے ہیں۔ اس لیے لیکچر کے دوران نوٹ لینا ہمیشہ بہتر ہے۔
نوٹس لینے پر چند تجاویز:
۱۔ ہر وہ چیز جو آپ پڑھتے یا سنتے ہیں لکھنے کی کوشش نہ کریں۔ موضوع کے اصل حصے پر توجہ دیں اور ارد گرد کی چیزوں کو بھول جائیں
۲۔ آپ کے نوٹس کلیدی الفاظ یا بہت مختصر جملوں پر مشتمل ہونے چاہییں۔ اگر کوئی مقرر اپنے اصل موضوع سے ہٹ جاتا ہے تو اکثر یہ ممکن ہے کہ آپ دوبارہ سے اصل موضوع بارے مزید معلومات اس میں جمع کر لیں۔
۳۔ درست نوٹ لیں۔ آپ کو اپنے الفاظ استعمال کرنے چاہییں، لیکن معانی کو تبدیل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اگر آپ ایک مصنف کا حوالہ دے رہے ہیں تو اس طرح سے دیں کہ اقتباس کے معانی تبدیل نہ ہوں۔
۴۔ نوٹ لینے سے ایک لمحہ پہلے اپنے مواد بارے سوچیں۔ صرف نوٹس لینے کی غرض سے نوٹس نہ لیں۔ ایسے نوٹس لیں جو بعد میں آپ کے لیے حقیقی وقعت رکھتے ہوں۔
۵۔ تلفظ اور اختصاریے کے لیے ایک ہی قسم کا نظام استعمال کریں جو آپ کی سمجھ میں آتا ہو۔ ایک ڈھانچہ نما خاکہ بنائیں اور اہمیت ظاہر کرنے کے لیے حاشیہ رکھیں اور بعد میں اضافے کے لیے بہت سی خالی جگہ رکھیں۔
۶۔ بیانیہ اور مکمل تشریحات کو چھوڑ دیں۔ اپنے نوٹس کو مختصر اور مخصوص رکھیں۔ اپنے مواد کو جامع بنائیں تاکہ آپ اسے آسانی سے سمجھ سکیں
۷۔ کسی نقطہ کے چھوٹ جانے کے بارے میں فکر مند نہ ہوں
۸۔ اپنے نوٹس کو بے قاعدہ قسم کے کاغذات پر نہ لکھیں۔ اپنے نوٹس کو ترتیب کے ساتھ ایک ہی جگہ پر رکھیں
۹۔ نوٹس لینے کے تھوڑی دیر بعد اپنے نوٹس پر واپس جائیں اور پھر ان میں اضافی نقطہ جات کا اضافہ کریں اور غیر واضع اشیاء کو واضع کریں۔ یاد رکھیں کہ ہم سب بہت جلدی بھول جاتے ہیں۔
۱۰۔ اپنے نوٹس کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں۔ یہ پائیدار یاد داشت کا واحد ذریعہ ہے۔
حوالہ جات: اکیڈمک سکلز سنٹر، ڈارماؤتھ کالج ۲۰۰۱