
امتحان کے دباؤ اور پریشانی سے نمٹنا
تمام طلباء حتمی امتحان یا ٹیسٹ بارے دباؤ اور پریشانی محسوس کرتے ہیں۔ یہ بات ان طلباء میں بھی عام ہے جو امتحان کے لیے اچھی طرح تیار ہیں۔ بعض اوقات پریشانی اور دباؤ طلباء کو مزید محنت کرکے اچھی کارکردگی پر اکساتے ہیں ، مگر بعض اوقات اس کا منفی اثر ہوتا ہے۔دباؤ اور پریشانی سے نمٹنے کا کوئی ایک خاص طریقہ نہیں ہے، ہر کوئی اس سے اپنے طریقے سے نمٹتا ہے۔
درج ذیل میں امتحان اور ٹیسٹ سے نمٹنے کی کچھ تجاویز ہیں؛
ورزش کریں؛
صبح کی سیر یہاں تک کہ شام کی ورزش بھی دباؤ کم کرنے کے لیے بہترین ہے۔ اس سے پریشانی کا شکار طلباء ہلکے پھلکے ہو جاتے ہیں اور تازہ ہوا انہیں بالکل واضع سوچنے میں مدد دیتی ہے۔ اس سے آپ کی دماغی صلاحیت بڑھ جاتی ہے اور آپ کی مثبت توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔
اچھی نیند لیں؛
اچھی صحت کے لیے مناسب نیند لینا ضروری ہے۔ اچھی نیند آپ کی ذہنی صلاحیت بڑھانے میں مثبت کردار ادا کرتی ہے۔ اس سے بے چینی میں بھی کمی آتی ہے۔ اسی وجہ سے کسی بھی اہم امتحان یا ٹیسٹ سے پہلے ایک رات کی اچھی نیند کی سفارش کی جاتی ہے۔ اگر آپ ٹیسٹ سے قبل مناسب نیند نہ لے سکیں تو آپ تھکے ہوئے لگیں گے اور آپ کی بے چینی میں اضافہ ہو جائے گا۔
غذا کا خیال رکھیں؛
اپنے غذا کا خیال رکھیں۔ بہتر غذا یافتہ جسم میں ذیادہ توانائی ہوتی ہے۔ آپ کو دماغ کی ٹھیک کارکردگی اور جسمانی توانائی کے لیے غذائی اجزا کی ضرورت ہوتی ہے۔ وقت کی کمی کے باعث کھانا کبھی نہ چھوڑیں، اس سے آپ کی بے چینی میں اضافہ ہو گا۔ اپنے وقت کو مناسب انداز میں شیڈول کریں۔
مقدار سے ذیادہ معیار؛
اہم امتحانات کے لیے پڑھتے ہوئے، آپ ان موضوعات کی مقدار پر توجہ نہ دیں جو آپ نے سیکھنے ہیں بلکہ پڑھائی کے معیار پر توجہ دیں۔
اچھی تیاری کریں؛
اگر آپ ایک ٹیسٹ کے لیے پوری طرح تیار ہیں، اور آپ جانتے ہیں کہ آپ نصاب میں سے کسی بھی چیز کا جواب دے سکتے ہیں تو آپ کی بے چینی خود کار انداز میں کم ہو جائے گی۔ اس لیے ہمیشہ پوری طرح تیار ی کریں۔
اپنے ارد گرد مثبت ماحول کو ترقی دیں؛
اپنے ارد گرد مثبت ماحول کو ترقی دیں، مثبت ماحول آپ کو مزید محنت کی ترغیب دیتا ہے۔ ہمیشہ مثبت رہیں اور ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی کی طرف توجہ رکھیں۔ منفی رویہ دباؤ اور بے چینی پیدا کرے گا۔
اپنے لیے وقت نکالیں؛
تمام دن صرف پڑھائی پر ہی توجہ نہ دیں، اس سے آپ تھک جائیں گے، پڑھائی سے تھوڑا وقت نکالیں اورزندگی کا لطف اُٹھائیں۔
پُرسکون رہیں؛
گہرے سانس لینے کی مشق کریں۔ اس سے آپ کو واضع طور پر سوچنے میں مدد ملے گی اور آپ کی بے چینی میں کمی آ جائے گی۔امتحان یا ٹیسٹ سے قبل پرسکون ہونا نہ بھولیں۔
رٹا نہ لگائیں؛
کسی بھی امتحان سے قبل اس کے بارے رٹا لگانے سے آپ کی بے چینی میں اضافہ ہوگا۔ ان لوگوں کے مقابلے میں جو امتحان کی تیاری کے لیے مناسب وقت لگاتے ہیں وہ لوگ ذیادہ پریشان ہوتے ہیں جو امتحان سے چند گھنٹے یا دن قبل پڑھنے کا فیصلہ کرتے ہیں۔