
ٹیم ورک
کلاس روم میں ایک ٹیم یا گروپ کی شکل میں کام کرنے سے طلباء کو ایک اکائی کی صورت مشترکہ ہدف کے حصول کے لیے کام کرنے کی بنیادی مہارتیں حاصل ہوتی ہیں۔ ٹیم ورک کے لیے ضروری ہے کہ طلباء مطلوبہ مقصد کے حصول کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہوئے اکٹھے کام کریں۔ اس میں ٹیم کے تمام تر ممبران کو ایک دوسرے کی صلاحیتوں اورنظریات کا احترام کرنا ہوتا ہے۔ ٹیم ورک طلباء کو انفرادی سوچ سے نکال کر اجتماعی سو چ کی طرف لے جاتا ہے۔ اس سے طلباء کو ایک دوسرے سے ملنے جُلنے، اپنے خیالات کا ایک دوسرے سے اظہار کرنے، اور اپنے آپ کو برادری کا حصہ تصور کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس سے طلباء کی سماجی اور جذباتی مہارتوں کے ساتھ ساتھ ان کی مواصلات کی مہارت میں بھی بہتری آتی ہے۔ٹیم کی صورت کام کرنے سے اعتماد میں اضافہ ہوتاہے۔ بچوں کو سکول میں مختلف انداز میں ٹیم ورک کا تجربہ ہوتا ہے۔ طلباء کو جوڑوں، چھوٹے یا بڑے گروپ وغیرہ کی شکل میں مختلف چیزوں کے لیے جیسے کلاس پروجیکٹ، لیبارٹری پروجیکٹ اور گروپ اسائنمنٹ وغیرہ کام کرنا پڑتا ہے۔ انہیں ٹیم کی صورت جسمانی سرگرمیوں جیسا کہ بال گیم، دوڑنا وغیرہ اور دوسری رسمی سرگرمیوں جیسا کہ پروجیکٹ وغیرہ پر کام کرنے کا کہا جا سکتا ہے۔ طلباء اپنے کھیلنے کے وقت کے دوران اپنی ٹیمیں بھی بناتے ہیں۔ طلباء جتنا ذیادہ ٹیم ورک میں مشغول ہوں گے، ان کے لیے سمجھوتہ اور تعاون کرنے کی صلاحیتوں کو سیکھنے میں مدد ملے گی۔