
پرابلم سالونگ یا مسئلے کو حل کرنے والا طریقۂ تدریس
زندگی مشکلات سے بھری پڑی ہے اور ایک کامیاب انسان کے لیے ضروری ہے کہ وہ ان مشکلات سے نبرد آزما ہونے کے لیے مناسب علم اور استدلال کی قوت رکھتا ہو۔ تعلیم کا مقصد بچوں کو عملی زندگی کے لیے تیار کرنا ہے۔اس لیے سکولوں میں مسائل کے حل کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ اس طریقہ کی تعریف اس طرح بھی کی جا سکتی ہے کہ اس طریقہ میں کسی مشکل یا پیچیدگی پراراداتاً چڑھ دوڑا جائے جہاں پر ایک انسان اس مسئلے کامناسب اور تسلی بخش حل تلاش کرنے کے لیے اپنے اہلیت اور قابلیت استعمال کرے۔
یہ طریقۂ کا ر ایک مسلسل جاری رہنے والے عمل کی طرح ہے جہاں استادبچوں کے علم کی بنیاد پر انہیں وہ دریافت کرنے کے لیے کہتا ہے جو وہ نہیں جانتے۔ اس طریقہ میں مشکلات پر قابو پانے کے لیے مفروضات بنائے جاتے ہیں، پیش گوئیوں کو پرکھا جاتا ہے تاکہ مسئلہ کے تسلی بخش حل تک پہنچا جا سکے۔
اس طریقہ کے تین بنیادی عمل ہیں؛
۱۔ معلومات کی تلاش
۲۔ نئی معلومات پیدا کرنا
۳۔ فیصلے کرنا
مختلف ادبی حوالوں کی روشنی میں اس طریقۂ کار کے درج ذیل اجزا ہیں:
۔ مسئلے کی نشاندہی
۔ مسئلے کا تجزیہ اور معلومات کا حصول
۔ ایک یا زائد مفروضہ جات کا چناؤ
۔ مفروضے کی جانچ
۔ مسئلے کے حل سے متعلق کسی نتیجہ پر پہنچنا
پرابلم سالونگ عمل میں طلباء کی مدد کرنے والے اقدامات:
۱۔ مسئلے کے حل کے لیے بنیاد فراہم کریں؛
اس فہرست میں ممکنہ مفروضات، اوزار، حوالہ جات، بنیادی علم، اور غیر رسمی تجاویز شامل ہیں اور اگر ممکن ہو تو مسئلے کو مختلف ٹکڑوں میں بانٹ دیں۔
۲۔ طلباء کی دلچسپی کا اندازہ لگائیں؛
بہت سے طلباء کسی خاص موضو ع میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے۔ ایک استا د کے لیے یہ بہت بڑا چیلنج ہے کہ وہ پڑھائے جانے والے موضوع بارے اپنے طلباء کی دلچسپی اُبھارے۔
۳۔ طلباء کی دُنیا میں داخل ہوں؛
سیکھے جانے والے مواد کو طلباء کی نظر سے دیکھیں۔ طلباء کیا کرنا چاہتے ہیں، وہ کیا جانتے ہیں، کس چیز کا تجربہ رکھتے ہیں۔طلباء کو اجازت دیں کہ وہ اپنے دلچسپی کا ایک پراجیکٹ تیار کریں جو کہ سکھائے جانے والے مواد کا احاطہ کرے۔
۴۔ طلباء کی طاقت کی طرف دھیان دیں؛
استاد کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ مختلف طلبائکے اندر مختلف صلاحیتوں کو سمجھتا ہو۔ کسی بھی صلاحیت کو کم تر درجے پر نہ رکھا جائے۔ مخصوص حالات میں ہر قسم کی صلاحیت کسی مخصوص مسئلے کو حل کرنے کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
۵۔ غیر کارگر کی دریافت کی حمایت کریں؛
غیر کارگر کی دریافت اتنی ہی اہم ہے جتنی کہ کارگر کی، کیونکہ اس سے طالبعلموں کو اس عمل کے دوران سیکھے گئے اسباق کی تعریف کا موقع ملے گا۔
مسئلہ کو حل کرنے کی مہارت کے فوائد:
۔ یہ طلباء کو تنقیدی سوچ، لچک اور تخلیقیت سکھاتا ہے
۔ یہ زندگی کے عام مسائل کو حل کرنے کا ہنر سکھاتا ہے
۔ یہ باہمی تعاون کے ہنر کو نکھارتا ہے