پاکستان کے سب سے بڑے شمسی توانائی کے منصوبے کا افتتاح

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع بہاولپور کے قائداعظم سولر پارک میں ملک کے پہلے 100 میگا واٹ شمسی منصوبے کا افتتاح ہوگیا ہے۔
خیال رہے کہ اسے نہ صرف پاکستان کا سب سے بڑا شمسی توانائی کا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے، بلکہ قائداعظم سولر پاور نامی سرکاری کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا ’فوٹو والٹیک آزمائشی منصوبہ‘ بھی ہے۔
وزیراعظم محمد نوا ز شریف نے اس منصوبے کا افتتاح کیا جس سے ابتدائی طور پر 100 میگا واٹ جبکہ آئندہ دو سال کی مدت میں 1000 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی۔
بجلی سے محروم پاکستانیوں کو سورج کا سہارا
سرکاری ٹی وی کے مطابق اس سلسلے میں یہ آزمائشی منصوبہ 11 ارب روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے جس کے تمام اخراجات پنجاب حکومت نے برداشت کیے ہیں۔
اس منصوبے کی تکمیل میں 11 ماہ کا عرصہ لگا اور اس کے لیے 500 ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے اور وہاں چار لاکھ شمسی پینل نصب ہیں۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 900 میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔ اس سلسلے میں 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن اور گرڈ سٹیشن بھی قائم کیے گئے ہیں۔
بہاولپور میں منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ چین کے پاکستان میں سفیر سی ون ڈانگ بھی شریک تھے۔
مفت بجلی
پاکستان کے قیام کے بعد سے اب تک 23 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی ہے تاہم موجودہ حکومت آئندہ آٹھ برسوں کے دوران سسٹم میں مزید 21 ہزار میگاواٹ اضافے کی کوشش کر رہی ہے۔نواز شریف
پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے تقریب سے خطاب میں وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ گذشتہ دنوں ہوا اور سورج سے حاصل ہونے والی توانائی کے بارے میں پیدا ہونے والے ا بہام کو ختم کریں۔
انھوں نے کہا کہ سورج کی روشنی سے توانائی کا حصول آسان ہے اس کے لیے کچھ بھی درآمد نہیں کرنا پڑتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال دسمبر تک 50 میگا واٹ بجلی تیار ہو سکے گی۔
اس موقعے پر انھوں نے منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے ہمسایہ ملک چین کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ منصوبے کے لیے چینی کمپنی نے دو ارب روپے کی رعایت دی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ دنوں چین کے صدر نے پاکستان کے دورے کے موقعے پر اس منصو بے کے دوسرے مرحلے کا سنگِ بنیاد رکھا تھا۔
وزیراعظم نواز شریف نے گذشتہ سال اس منصوبے کاسنگِ بنیاد رکھنے کے بعد کہا تھا کہ پاکستان کے قیام کے بعد سے اب تک 23 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی ہے تاہم موجودہ حکومت آئندہ آٹھ برسوں کے دوران سسٹم میں مزید 21 ہزار میگاواٹ اضافے کی کوشش کر رہی ہے۔
Source: BBC URDU