پھر خراب؟ کمپیوٹر کو گولیوں سے بھون ڈالا

امریکہ کی پولیس کا کہنا ہے کہ ریاست کولوریڈو میں ایک شخص نے مشتعل ہو کر اپنے خراب کمپیوٹر کو آٹھ گولیاں مار کر چھلنی کر دیا۔
پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لوکاس ہینچ نامی شخص کے کمپیوٹر میں کچھ خرابی تھی لہٰذا انھوں نے اسے گھر کے پیچھے لے جا کر تباہ کر دیا۔
لوکاس ہینچ کو شہر کی حدود کے اندر اسلحہ فائر کرنے کے جرم میں کچھ وقت کے لیے حراست میں لیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق لوکاس ہینچ کو اس بارے میں معلوم نہیں تھا کہ گولیاں چلا کر قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق اب جج اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ انھیں اس جرم میں کتنا جرمانہ کیا جائے۔
امریکی پولیس کے ترجمان جیف سٹروسنر نے کولوریڈو سپرنگز گزٹ کو بتایا کہ لوکاس ہینچ گذشتہ کئی مہینوں سے اپنے کمپوٹر کی خرابی کی وجہ سے پریشان تھے۔
سپرنگز گزٹ کا کہنا ہے کہ لوکاس ہینچ نے اپنے کمپیوٹر کو روایتی طور پر ری بوٹ کرنے کے لیے کنٹرول، آلٹ، ڈیلیٹ کے بٹن کا سہارا لیا تاہم ان کا کمپیوٹر ٹھیک نہ ہو سکا۔
-بی بی سی اردو-