چینی فوجیوں پر سمارٹ واچ اور دیگر جدید آلات پہننے کی پابندی

چین کی فوج کے اخبار کے مطابق چین نے فوجیوں پر انٹرنیٹ استعمال کرنے والے آلات استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔
پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) ڈیلی کا کہنا ہے کہ یہ پابندی اس وقت لگائی گئی جب ایک فوجی کو سالگرہ کے تحفے میں سمارٹ واچ ملی۔
خبروں کی ویب سائٹ این بی سی کا کہنا ہے کہ اس کو ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ پابندی لگا دی گئی ہے۔
ایک فوجی ماہر کا کہنا ہے کہ یہ پابندی فوج میں موبائل فون استعمال کرنے کی پابندی کی ہی کڑی ہے۔
پی ایل اے ڈیلی کے مطابق چینی فوج نے پچھلے ماہ ماہرین سے اس وقت مشورہ کیا جب ایک فوجی نے نینجنگ میں اپنی سمارٹ واچ سے ساتھی فوجیوں کی تصاویر لینے کی کوشش کی۔
اس واقعے کے بعد ریاستی راز کی حفاظت کرنے والی ایجنسی نے ایک حکم نامہ جاری کیا۔ اس حکم نامے میں کہا گیا ہے ’ایسے آلات جن سے انٹرنیٹ تک رسائی ہو سکتی ہے، جن سے آپ کے مقام کا پتہ چل سکتا ہے اور جن سے کال کی جاسکتی ہے کا استعمال فوجیوں کے لیے ممنوع ہے۔‘
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے ’جس وقت ایک فوجی ایسا آلہ پہنتا ہے جس سے آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کی جا سکتی ہے، فوٹوز لی جاسکتی ہیں اور ڈیٹا منتقل کیا جا سکتا ہے اس سے فوجی راز افشا ہونے کے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔‘
فوجی امور کے ایک ماہر کا کہنا ہے کہ فوجیوں کے جدید آلات استعمال کرنے کے حوالے سے دنیا بھر کی فوجوں کو چیلنجز کا سامنا ہے۔
Source – bbc urdu